اندور،4؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) اندور میں ممبئی سے تعلق رکھنےوالے کامیڈین منور فاروقی کو زدوکوب کرنے اور لطیفہ گوئی کی پاداش میں انہیں گرفتار کرلئے جانے کے خلاف ورون گروور،روہن جوشی او رویر داس سمیت کئی کامیڈین نے صدائے احتجاج بلند کی ہے۔ منور پرالزام ہے کہ انہوں نے اپنے مزاحیہ پروگرام کے دوران وزیر داخلہ امیت شاہ اور دیوی دیوتاؤں کے تعلق سے نازیبا تبصرے کئے ہیں۔ بی جےپی کی ایک رکن اسمبلی کے بیٹے ایکلویہ سنگھ گوڑ کی شکایت پر جمعہ کی رات انہیں گرفتار کر لیا تھا۔ سنیچر کو مقامی عدالت سے ضمانت نہ ملنے کے بعد منور فاروقی سمیت ۵؍ افراد کو جیل بھیج دیاگیاہے۔
ورون گروور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اس کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے الزام لگایا کہ فاروقی کے ساتھ مار پیٹ کی گئی ہے۔ معروف ویب سیریز’سیکریڈگیمس‘ کے قلمکار نے اپنے اس الزام کی تائید میں ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں منور ایکلویہ سنگھ کو انتہائی شائستگی سے سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔گروور نے شکایت کی ہے کہ ’’ایک ساتھی ہندوستانی اور ساتھی کامیڈین جو اپنے کہے گئے الفاظ کی وجہ سے جیل میں ہےاور جسے بھیڑکے ذریعہ پیٹا بھی گیا،وہ شائستگی کے ساتھ سمجھانے کی کوشش کررہا ہے مگر ہمارا سسٹم اب صرف ظالمانہ طریقے سے آوازوں کو خاموش کرنا چاہتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’وہ نہ کچھ سننا چاہتے ہیں نہ بات ہی کرنا چاہتے ہیںبلکہ ہر انفرادی سوچ اور عقلیت پسندی کے شائبہ تک کو ختم کردینا چاہتے ہیں۔ اور ہم جو اس سرزمین کی عظیم ترین تہذیب کاحصہ ہیں،کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘